لاہور( این این آئی)پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن نے لاہور سمیت صوبے بھر کے 27 لاکھ سے زائد طلبا کے لئے امتحانی پالیسی تبدیل کر دی ،پرچے کا دورانیہ اڑھائی گھنٹہ سے کم کر کے ڈیڑھ گھنٹہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیف نے پارٹنر سکولوں کے کوالٹی امتحانات کی
پالیسی میں بنیادی تبدیلیاں کر دی ہیں ،اس ضمن میں پارٹنر سکولوں کے سربراہان کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ پیف حکام کے مطابق پارٹنر سکولوں کے طلبا کا امتحان تین شفٹوں کی بجائے اب صرف دو شفٹوں میں ہوگا جبکہ اتوار کے روز امتحان لینے کا شیڈول بھی ختم کر دیا گیا ہے۔نئی پالیسی کے مطابق پارٹنر سکولوں میں زیر تعلیم طلبا کا صرف 25 فیصد نصاب میں سے امتحان ہوگا جبکہ انگریزی مضمون کے حاصل کردہ نمبرز کو مجموعی رزلٹ کا حصہ نہیں بنایا جائے گا، نئی امتحانی پالیسی کے تحت پیف نے طلبا ء کا اپنے ہی سکول میں امتحانی مرکز بنانے کی بھی اجازت دیدی ہے، پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے تحت کوالٹی ایشورنس امتحانات کا آغاز 21 جون سے ہوگا۔