لاہور( این این آئی)بھارتی خاتون نے پاکستانی شہریت کے حصول کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ملتان روڈ کی رہائشی صبا ء افصار کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں وزارت داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی امیگریشن، پنجاب حکومت اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ خاتون کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ وہ بھارتی شہری ہے ،2010 میں پاکستانی رشتہ دارسے شادی ہوئی،خاوند اور تین بچے پاکستانی شہری ہیں مگر درخواست گزار کو عارضی رہائش کا ویزہ دیا گیا ہے۔ 2010 میں پاکستانی شہریت کیلئے درخواست دی تھی جس پر سکیورٹی کلیئرنس بھی مل چکی ہے، پنجاب حکومت بھی وزارت داخلہ کو درخواست گزار کو سکیورٹی سے متعلق کلیئر قرار دے چکی ہے، اس کے باوجود پاکستانی شہریت نہیں دی جارہی ،استدعا ہے کہ پاکستانی شہریت نہ دینے پر وفاقی حکومت اور دیگر فریقین سے جواب طلب کیا جائے اوربنیادی حقوق کا تحفظ کرنے کاحکم بھی دیاجائے۔