لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )لاہور کی کینٹ کچہری میں مائرہ قتل کیس میں گرفتار ملزم طاہر جدون اور محمد وسیم کے جسمانی ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع کردی گئی۔جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو ملزم طاہر جدون اور محمد وسیم کو پیش کیا گیا، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایاکہ ملزمان سے
تفتیش ابھی جاری ہے، تحقیقات مکمل کرنے کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔قومی اخبار جنگ کے مطابق اس موقع پر ملزم طاہر جدون نے کمرہ عدالت میں بیان دیا کہ ہمارا قصور صرف اتنا ہے کہ ہمیں آخری بار موقع پر دیکھا گیا،بے گناہ ہیں ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔طاہر جدون نے کمرہ عدالت میں بتایا کہ 4 روز میں ہم سے کوئی تفتیش نہیں کی گئی ۔عدالت نے کیس میں تفتیشی افسر کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان کو 11 جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ مائرہ کی گولی لگی لاش 3 مئی کو لاہور کے علاقے ڈیفنس میں اس کے گھر سے ملی تھی۔