اسلام آباد(نیوزڈیسک)ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے ویڈیو کی دنیا میں انقلابی تبدیلی لانے کیلئے ایک بڑے پراجیکٹ پر کام شروع کردیا ہے جس کے نتیجے میں 11K سپر ریزولیشن ویڈیو کا خواب پورا ہوتا نظر آرہا ہے۔کورین خبر رساں ادارے ET News کے مطابق اس پراجیکٹ میں کورین حکومت کی طرف سے بھی اڑھائی کروڑ(تقریبا اڑھائی ارب پاکستانی روپے)سے زائد کی سرمایہ کاری اگلے پانچ سال کے دوران کی جائے گی۔ سام سنگ ڈسپلے بیس ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر چوہائے یونگ کے مطابق نئی ٹیکنالوجی کے تحت 2250 پکسل فی انچ کا ڈسپلے تیار کیا جائے گا، جو کہ موجودہ 4K ڈسپلے سے تین گنا بہتر ہوگا۔ ایک رپورٹ کے مطابق یہ ہائی کوالٹی ٹیکنالوجی موبائل ڈسپلے کو بھی 3D ایفیکٹ سے لیس کردے گی، کیونکہ یہ ٹیکنالوجی تصاویر اور ویڈیوز کے رنگوں کو حیران کن تفصیل اور کوالٹی کے ساتھ دکھاسکے گی۔