کوئٹہ/اسلام آباد(آن لائن ) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور سابق ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہاہے کہ ایک طرف پی ڈی ایم کی قیادت 26 مارچ کو نیب کیخلاف مظاہرہ اور جیلیں بھرنے کی ’’لیڈر بھبکی ‘‘ دے رہی ہے جبکہ دوسری جانب محترمہ مریم نواز نے آج عدالت سے اپنی ضمانت قبل از گرفتاری کروالی۔ وہ
بدھ کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں وائس آف لندن اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمن نے تو 26مارچ کو مریم نواز شریف کی نیب میں پیشی کے موقع پر احتجاج اور مظاہرہ میں محترمہ مریم نوازکی ہی قیادت میں اپنے سمیت علماء کرام، مشائخ عظام اور مدارس کے طلباء اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے قائدین اور کارکنوں کو بھرپورشرکت اور اس کے نتیجے میں جیلیں بھرنے کا بھی حکم تودیدیا تھا لیکن محترمہ مریم نواز بھی اپنے والد گرامی کی طرح گرفتاری سے بچنے کیلئے سہارا ڈھونڈرہی ہے اور عدالت سے ضمانت قبل از ’’وارنٹ‘‘ حاصل کرچکی ہے مسلم لیگ ن کے اس تازہ دلیرانہ انفرادی اقدام کے بعد مولانا فضل الرحمن کو نہ صرف ایک اور تازہ دھچکا لگا ہے بلکہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کی جانب سے بار،بار انفرادی فیصلوں اور پھر ان کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں ’’بائی فورس‘‘ منوانے کے باعث مولانا فضل الرحمن محض ایک نمائشی اور بے اختیار صدر ثابت ہوچکے ہیں اس لیے ان کو اب ان کو اپنی باقی ماندہ ساکھ اور وقار بچائے کے لئے فوراًمستعفی ہوجانا چاہئے۔