لاہور(این این آئی) گیس کمپنیوں کی جانب سے 19 سے 23 دسمبرتک سی این جی اسٹیشن بند کرنے کے حوالے سے اے پی سی این جی اے کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ جس کی صدارت سنٹرل چیئرمین خالد لطیف، غیاث پراچہ اور
دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس نے گیس بندش کو بلا جواز قرار دیا۔ غیاث پراچہ نے کہا کہ جو سیکٹر پورے ریٹ پر گیس لیتا ہے اس کو بند کیا جارہا ہے اور جو رعایتی گیس لیتے ہیں ان کو سپلائی دی جارہی ہے یہ کیسی دانشمندی ہے۔ سی این جی سیکٹر پر ظلم نہ کیا جائے۔گذشتہ سال کی نسبت اس سال گیس کی سپلائی میں اضافہ ہوا ہے۔ سی این جی کی بندش سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوگا اور لاکھوں لوگ بیروزگار ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا پیٹرولیم منسٹر عمر ایوب اور مشیر پٹرولیم ندیم بابر سے مطالبہ ہے کہ اس بحران کے ذمہ داروں اور اس بحران کو دور کرنے میں رکاوٹ بننے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے اور سی این جی سیکٹر کے ساتھ ظلم بند کیا جائے۔