اسلام آباد(این این آئی)پی آئی اے میں اصلاحات اور احتساب کا عمل تیز ہوگیا، جولائی کے مہینے میں 63 ملازمین جن میں مشتبہ لائسنس کے حامل پانچ کپتان بھی شامل ہیں پر ایکشن لیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے شبعہ ہیومن ریسورس نے ملازمین کے خلاف کی جانے والی کارروائی کی فہرست جاری کر دی۔
پی آئی اے نے جعلی تعلیمی اسناد کے حامل 28 ملازمین کو ملازمت سے فارغ کر دیا جبکہ بغیر اطلاع کے کئی عرصے سے غیر حاضر 27 ملازمین کو برطرف کر دیا۔پی آئی اے نے مشتبہ لائسنس کے حامل پانچ کپتانوں کو بھی ملازمت سے فارغ کیا۔ غبن میں ملوث دو ملازمین کو فارغ کر دیا جبکہ نا اہلی پر ایک ملازم کو نوکری سے برخاست کیا گیا۔پی آئی اے نے کام سے انکار پر چار ملازمین کی تنزلی بھی کی۔پی آئی اے نے ایس او پیز کی خلاف ورزی کر نے والے تین ملازمین کے انکری منٹ میں کٹوتی بطور سزا کر دی۔پی آئی اے نے اچھی کارکردگی کے حامل 13 ملازمین کو تعریفی اسناد بھی جاری کی گئیں جبکہ دو ملازمین کو کیش ایوارڈ بھی دئیے۔ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق تمام کارروائیاں قانون اور ضابطے کی قواعد پورے کرکے کی گئیں، پی آئی اے میں بغیر کسی دباو کے سزا جزا کا عمل جاری ہے اور جاری رہے گا۔