اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں بغیر ماسک گھومنے والی بکری گرفتار،بھارتی میڈیا کے مطابق یہ انوکھا واقعہ کان پوری میں پیش آیا، جیسے ہی بکری کے مالک کو علم ہوا کہ اس کی بکری کو پولیس اٹھا کر لے گئی ہے تو وہ فوراً پولیس اسٹیشن پہنچ گیا۔
بکری کے مالک نے پولیس اہلکاروں سے التجا کی جس کے بعد پولیس نے آخر کار اسے بکری واپس لے جانے کی اجازت دی اور ساتھ ہی مالک کو متنبہ کیا کہ وہ جانور کو سڑک پر گھومنے نہ دے۔اس ضمن میں انور گنج پولیس سٹیشن کے سرکل آفیسر سیف الدین بیگ نے بتایا کہ سڑک پر ایک نوجوان بغیر ماسک کے گھوم رہا تھا جیسے ہی پولیس نے اسے پکڑنے کی کوشش کی تو وہ بھاگ گیا اور اس کے پیچھے ایک بکری تھی۔انہوں نے بتایا کہ ہم بکری اپنے ساتھ اٹھا کر لے آئے تاکہ اس نوجوان کو پکڑ سکیں، پولیس کو شبہ تھا کہ وہ بکری نوجوان کی ہوگی۔بکری کو پولیس اسٹیشن لانے والے ایک پولیس اہلکار نے کہا کہ انہیں یہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی لگی کہ بکری بغیر ماسک کے سڑک پر گھوم رہی ہے۔بعدازاں سوشل میڈیا پر بکری کو ماسک لگانے کے حوالے سے پولیس کا خوب مذاق بنا جس کے بعد پولیس نے اپنا بیان تبدیل کردیا۔