کراچی (این این آئی)محکمہ داخلہ حکومت سندھ نے عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے حکم نامہ جاری کردیا ہے، جس کے مطابق صرف رجسٹرڈ خیراتی ادارے اور دینی مدارس ہی کھالیں جمع کرسکیں گے ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی
جانب سے جاری کیے جانے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمشنراور ڈپٹی کمشنرز کی اجازت کے بغیر قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر پابندی ہوگی۔سال 2019کے اجازت نامے کے حامل افراد اور ادارے بھی کھالیں جمع کرسکیں گے ۔محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق صرف رجسٹرڈ خیراتی ادارے اور مدارس ہی قربانی کی کھالیں جمع کرسکتے ہیں۔اجازت نامے کے حامل افراد ڈپٹی کمشنر آفس کو کھالیں اکٹھا کرنے کا پلان جمع کرائیں، کھالیں جمع کرنے کیلئے کیمپ، بینرز لگانے پرپابندی ہوگی، کھالیں جمع کرنے کیلئے لائوڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی ہوگی۔گاڑیوں پر بھی کھالیں جمع کرنے پر پابندی ہوگی جبکہ زبردستی اور اسلحہ کے زور پر کھالیں جمع کرنا ناقابل برداشت جرم ہوگا۔محکمہ داخلہ سندھ نے واضح کیا ہے کہ قربانی کے دنوں میں اسلحہ لائسنس بھی معطل رہیں گے،کھالیں جمع کرنے والوں پر شناختی کارڈ اور پرمٹ ساتھ رکھنا لازمی ہوگا، حکومتی احکامات کی خلاف ورزی پرجمع شدہ کھالیں ضبط کرلی جائیں گی۔