اسلام آباد(آن لائن)وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس میں اضافے کے باعث حکومت نے دوبارہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں کو سیل کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے شہریوں کو کہا ہے کہ وہ جمعہ کی رات تک خوراک اور ادویات کا بندوبست کرلیں۔
گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا کہ اسلام آباد میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق G-9سیکٹر میں ایک دن میں 200لوگوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں،جس کی وجہ سے آج رات کو G-9کے سیکٹر اور کراچی کمپنی مارکیٹ کو سیل کردیا جائے گا۔ڈی سی اسلام آبادنے G-9کے شہریوں کو کہا ہے کہ جمعہ کی رات تک اشیاء ضروریہ کی خریداری کرلیں،اس کے بعد کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔جی نائن ٹو،جی نائن فور کے اندر مارکیٹوں سمیت تمام مساجد اور امام بارگاہیں بھی بند رہیں گی،صرف میڈیکل سٹورز اور کھانے پینے کی اشیاء کی دکانیں محدود حد تک کھولی جائیں گی۔ڈی سی اسلام آباد نے آئندہ مرحلے میں آئی ٹین ون،جی سیون فور،غوری ٹاؤن،لوہی بھیر،جی ایٹ،آئی ایٹ کے علاقوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا کیونکہ ان علاقوں میں بھی کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا ہے،اگر ضرورت محسوس کی گئی تو ان علاقوں کو بھی سیل کیا جاسکتا ہے۔ ان علاقوں کے لوگوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ تین دن کے لئے خوراک کا ذخیرہ کر لیں، تین دن کے لئے لوگوں کو گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں کو سیل کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے شہریوں کو کہا ہے کہ وہ جمعہ کی رات تک خوراک اور ادویات کا بندوبست کرلیں۔