میڈرڈ (مانیٹرنگ ڈیسک) کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی بنیاد پر سپین کی حکومت نے بھی لاک ڈائون کر دیا تھا جس کی وجہ سے لوگ گھروں تک محدود ہو گئے اور جو اپنے گھر سے دور تھا وہ بھی وہیں رک گیا۔ ایسے میں ایک نوجوان اسماعیل فرنینڈس بھی لاک ڈائون کی وجہ سے دو ماہ تک گھر نہ پہنچ سکا،
نوجوان نے ایک گدھا پال رکھا ہے جس کی محبت میں وہ لاک ڈائون کے دوران گدھے کو خوب یاد کرتا رہا۔ جب حکومت کی جانب سے لاک ڈائون میں نرمی کی گئی تو نوجوان اپنے گھر پہنچا اور اپنے گدھے کی تلاش شروع کی، اس نے گدھے کو آوازیں دینا شروع کیں تو گدھے نے آواز پہچان لی اور اپنے مالک کے پاس پہنچ گیا۔ نوجوان نے گدھے کے سر پر جذباتی انداز میں ہاتھ پھیرنا شروع کیا اور ساتھ ساتھ جذبات میں روتا بھی رہا، اس موقع پر گدھے نے بھی اپنے مخصوص انداز میں اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ نوجوان نے یہ ویڈیو شیئر کی تو وائرل ہو گئی اور عالمی میڈیا پر خبروں کا حصہ بن گئی۔ جیسے مالک اپنے گدھے سے والہانہ محبت رکھتا تھا گدھا بھی اس سے کم محبت نہیں کرتا تھا۔ دونوں انتہائی جذباتی انداز سے ملے۔