کراچی (این این آئی )ماہ مئی کے پہلے ہفتے میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں رہی ،کے ایس ای100انڈیکس800پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 34ہزار کی نفسیاتی حد سے گر گیا اور33ہزار پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بند ہوا ،مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 70ارب روپے بھی ڈوب گئے جبکہ51.67فیصد حصص کی قیمتیں بھی گر گئیں ۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ گذشتہ ہفتے4دن مندی کی زد میں رہی اس دوران کے ایس ای100انڈیکس 920.06پوائنٹس لوز کر گیا جبکہ 1دن کی تیزی سے انڈیکس نے صرف76.11پوائنٹس ہی ریکور کئے اس طرح مارکیٹ میں مجموعی طور پر مندی کے اثرات غالب رہے ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں مندی کی وجہ چین اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے ردعمل میں خطے کی مارکیٹوں پراثر انداز ہونیوالی مندی ہے جبکہ خطے کی اسٹاک مارکیٹوں کی خراب صورتحال کے پیش نظر منافع کی خاطر فروخت کے غیر معمولی دبائوکی وجہ بھی مارکیٹ کی تنزلی کا سبب بن رہی ہے ۔ماہرین کے مطابق کورونا کی وجہ سے معاشی بندش کے نتیجے میں مارکیٹ میں فی الوقت بہتری کے آثار نہیں جس کی وجہ سے آئندہ دنوں میں مارکیٹ مزید گراوٹ کا شکار ہو سکتی ہے ۔