لندن (این این آئی)برطانیہ کے ریاستوں انگلینڈ اور ویلز میںلوگوں کے قریب کھانسنے اور تھوکنے والے افراد کو 2 سال تک قید کی سزا کی تجویز پیش کردی گئی ۔برطانوی اخبار کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں پہلے سے ہی کھانسنے اور تھوکنے والے افراد کے حوالے سے سخت ضوابط نافذ ہیں تاہم نئی تجاویز کے مطابق کھانسنے والے افراد کو 2 سال کی سزا بھی دی جا سکے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ انگلینڈ اور ویلز کے محکمہ انصاف کی جرائم پر سزائیں تجویز کرنے والی کونسل نے ایک مجوزہ بل تیار کیا جس کے تحت لوگوں کے قریب کھانسنے اور تھوکنے والے شخص کو 2 سال تک جیل کی سزا دی جا سکے گی۔رپورٹ کے مطابق مذکورہ بل کا مقصد خاص طور پر عوامی ملازمین یعنی پولیس، محکمہ صحت اور دیگر سرکاری ملازمین کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے، کیوں کہ بعض لوگ سرکاری ملازمین کو ٹارگٹ بنا کر ان کے قریب کھانسنے سمیت ان کے قریب تھوکتے ہیں۔مجوزہ بل کے مطابق جو کوئی بھی شخص پولیس اہلکاروں اور محکمہ صحت کے ملازمین سمیت دیگر سرکاری ملازمین کے قریب تھوکنے سمیت کھانسے گا، اسے مقامی عدالتوں کے ججز اور میجسٹریٹ 2 سال تک کی سزا سنا سکیں گے۔مذکورہ بل برطانیہ کے ریاستوں انگلینڈ اور ویلز میں نافذ کیے جائیں گے تاہم بتایا گیا کہ مذکورہ بل کے قانون بننے میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مجوزہ بل سے قبل ہی انگلینڈ اور ویلز میں کھانسنے اور تھوکنے پر سخت سزاؤں کے ضوابط نافذ ہیں۔رپورٹ کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں پولیس یا محکمہ صحت کے ملازمین پر کھانسنے والے افراد کو جیل کی سزائیں دی جاتی ہیں، تاہم وہ سزائیں ایک ماہ سے ایک سال تک ہوتی ہیں لیکن نئے مجوزہ بل میں سزاؤں کو مزید بڑھا دیا گیا ہے۔کھانسنے اور تھوکنے پر سزاؤں میں اضافے کی تجویز ایک ایسے وقت میں دی گئی ہے جبکہ انگلینڈ اور ویلز میں لوگوں کے قریب جاکر کھانسنے اور تھوکنے کے واقعات میں اضافہ نوٹ کیا گیا ،گزشتہ ہفتے ہی انگلینڈ کے شہر اسٹے فورڈشائر میں ایک شخص کو محکمہ صحت کی 2 نرسز کے قرب جاکر کھانسنے پر ایک سال کے لیے جیل بھیج دیا گیا تھا۔