دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) 75 ہزار سے زائد متحدہ عرب امارات میں مقیم امریکیوں نے امریکہ واپس جانے سے انکار کر دیا ہے، یو اے ای میں موجود امریکی سفیر جون ریکولٹا جونیئر کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم ہزاروں امریکی یہیں رہنا چاہتے ہیں اور وہ واپس اپنے ملک جانے کی خواہش نہیں رکھتے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ متحدہ عرب امارات سے بہت کم امریکی شہری واپس جانا چاہتے ہیں لیکن امریکی سفارتخانہ انہیں بھی یہاں رکنے کی تجویز دے گا۔ متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی سفیر کا کہنا ہے کہ سفارت خانے کی طرف سے کوئی باقاعدہ رجسٹریشن سسٹم نہیں بنایا گیا لیکن فون کالز اور ای میلز کی تعداد سے تخمینہ لگایا جائے تو صرف چند سو امریکی ہی واپس جانا چاہتے ہیں لیکن ہمارا خیال ہے کہ ان کے لیے یہ جگہ بہترین ہے اور انہیں ہم واپس جانے کا مشورہ نہیں دیں گے۔ سفیر نے کہاکہ میں خود بھی یہاں رہنے کو ہی ترجیح دوں گا، مجھے اس جگہ سے محبت ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ میں اس مہلک وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد روزانہ کی بنیاد پر بہت زیادہ ہے جبکہ متحدہ عرب امارات میں حالات بہت حد تک کنٹرول میں ہیں اور یہاں مکمل لاک ڈاؤن ہے، شاید یہی وجہ ہے کہ امریکیوں نے یہاں رہنے کو ترجیح دی ہے۔