کرائسٹ چرچ (این این آئی)نیوزی لینڈ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا ہے کہ ہم ان تمام پاکستانی شہریوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہیں جو کورونا کے باعث نیوزی لینڈ میں پھنس چکے ہیں۔ اتوار کو اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمیشن پھنسے ہوئے افراد کے بارے میں معلومات اکٹھی کر رہا ہے، پاکستانی شہریوں سے متعلق معلومات کو باقاعدگی سے پاکستانی وزارت خارجہ سمیت پاکستانی حکام کے ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے۔پاکستانی ہائی کمشنر نے کہاکہ پاکستانی شہریوں کی معلومات فراہم کر رہے ہیں تاکہ پاکستان
سے خصوصی پروازوں کے بارے میں فیصلہ کیا جا سکے،انہوںنے کہاکہ پاکستانی ہائی کمیشن نیوزی لینڈ میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو اولین ترجیح کی بنیاد پر حل کرنے کے لئے پوری کوشش کر رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پروازوں سے متعلق فیصلہ ہونے پر ہائی کمیشن فوری طور پر ہر فرد سے رابطہ کرکے انھیں اطلاع دی جائے گی، انہوںنے کہاکہ نیوزی لینڈ میں مقیم پاکستانی جو وطن واپس جانا چاہتے ہیں ہمارے آن لائن فارم کے ذریعہ رجسٹر ہوں، نیوزی لینڈ میں مقیم پاکستانی شہری معلومات کے لیے ہائی کمیشن کی ویب سائٹ کو بھی سبسکرائب کریں۔