ریاض (آن لائن ) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان عبدالعزیز نے کورونا وائرس کے پھیلائو کو کنٹرول کرنے، شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی صحت اور سلامتی کی خاطر گزشتہ شام سے21 دن کے لیے مملکت بھر میں جزوی کرفیو نافذ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
عرب نیوز اورسعودی خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق شاہی فرمان میں کہا گیا ہے کہ’ کرفیو روز انہ شام7 سے صبح 6 بجے تک اکیس دن جاری رہے گا‘۔شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے یہ حکم وزارت صحت کے اس بیان کے بعد جاری کیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اتوارکو کورونا کے 119 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔سعودی عرب میں کل تعداد بڑھ کر 511 ہوگئی ہے۔شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ان کے اپنے تحفظ کے لیے کرفیو اوقات کے دوران اپنے گھروں میں رہنے کو کہا گیا ہے۔ سرکاری اور نجی شعبے کی اہم صنعتوں کے وہ ملازمین جن کے کام میں مسلسل کارکردگی درکارہے کرفیوسے مستثنی ہو ں گے۔ سیکیورٹی اہلکار ، فوجی، میڈیا سیکٹر کے ملازمین ، صحت اور خدمات کے اہم شعبوں کے کارکنان کو بھی استثنیٰ حاصل ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ وزارت داخلہ کرفیو کے نفاذ کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے گی۔ تمام سول اور فوجی حکام کواس سلسلے میں وزارت داخلہ سے مکمل تعاون کا حکم دیا گیا ہے۔