ریاض (نیوز ڈیسک) سعودی عرب کی حکومت نے کرونا کی مہلک وباء کے حوالے سے افواہیں پھیلانے والے سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے پبلک پراسیکیوٹر الشیخ سعود بن عبداللہ المعجب کی ہدایت پر آن لائن انفارمیشن پر نظررکھنے والے
خصوصی یونٹ کو کرونا کے حوالے سے افواہیں پھیلانے والے عناصر کی نشاندہی کرنے اوران کی گرفتاری کے لیے فوری کارروائی کے احکامات دیے ہیں۔سعودی عرب کے پبلک پراسیکیوشن کے ایک سرکاری ذریعہ نے ٹویٹر پر سرکاری استغاثہ اکاؤنٹ کے ذریعہ شائع کردہ ایک بیان بتایا کہ کرونا وائرس کے بارے میں غلط سلط معلومات پھیلانے اور افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا آغاز ہوگیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایسے افراد جوملک میں کرونا کے حوالے سے اعدادو شمار کو مبالغہ آرائی کے ساتھ پیش کرنے اور افواہیں پھیلانے کی مذموم کوشش کرتے ہیں انہیں گرفتار کیا جائے گا اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور سزائیں دی جائیں گی۔ پبلک پراسیکیوشن کا کہنا تھا کہ افواہیں پھیلانے والے ملک کے نظم عام میں خلل ڈالنے کے مرتکب ہو رہے ہیں مگر انہیں ایسا کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔