پیرس(این این آئی)بعض لوگوں نے یہ سوچا بھی نہیں تھا کہ کرونا وائرس سے برپا ہونے والی افراتفری دنیا بھر میں سربراہان کے استقبال کے پروٹوکول کو بھی متاثر کرے گی۔ تاہم فرانسیسی صدر اور ہسپانوی بادشاہ کے درمیان ملاقات کے دوران ایسا ہی کچھ دیکھنے میں آیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق فرانسیسی صدر عمانوئل ماکروں نے الیزے پیلس کے میدان میں ہسپانیہ کے شاہ فلپ کے ساتھ مصافحے سے اجتناب برتا۔ مہمان سربراہ کے استقبال
کے موقع پر ماکروں نے اپنی ہتھیلیوں کو نیچے رکھتے ہوئے ہسپانیہ کے شاہ اور ملکہ کے سامنے تھوڑا سا جھکنے پر اکتفا کیا۔ اس موقع پر فرانس کے صدر نے روایتی مصافحے کے بجائے بھارتیوں کے انداز سے ہاتھ جوڑ کر نمستے کیا۔اس دوران ماکروں کی اہلیہ نے جو اْن کے پہلو میں کھڑی تھیں ہسپانیہ کی ملکہ لیٹزیا کی جانب ہوائی بوسہ (فلائنگ کِس) دیا۔