لاہور(این این آئی)دبئی میں طوفانی بارش اور ائیرپورٹ پر پانی جمع ہونے کے باعث کئی پروازیں پھنس گئیں،ائیرپورٹ پر جہازوں کی پارکنگ کی جگہ ختم ہو گئی، پی آئی اے کی چارپروازیں دبئی میں پھنس جانے کی وجہ سے اندرون ملک پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کی کی کراچی سے جانے والی پرواز214 کراچی،اسلام آبادسے جانے والی پرواز 212،ملتان سے جانے والی پرواز 222 ملتان، لاہور سے جانے والی پرواز224 اور فیصل آباد سے جانے والی پرواز 204 تاحال دبئی ائیرپورٹ پر ہیں اور ان جہازوں کے دبئی میں پھنسے رہنے کی وجہ سے پی آئی اے کی اندرون ملک پروازیں بھی شدید متاثر ہیں۔ ان طیاروں کے دبئی ائیر پورٹ پر پھنس جانے کی وجہ سے پی کے 304اور 306 کراچی تا لاہور، 341 کراچی تا فیصل آباد منسوخ کر دی گئی جبکہ پی کے 305 لاہور تا کراچی ڈھائی گھنٹے،پی کے 308 کراچی اسلام آباد کی روانگی میں 6 گھنٹے تاخیر رہی۔پی آئی اے نے دبئی کے موسم کی پیشگوئی کے سبب تبدیل شدہ شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق پی کے 213/214 کراچی دبئی کراچی، 235/236 اسلام آباد دبئی اسلام آباد اور 283/284 پشاور دبئی پشاور منسوخ کر دی گئی ہیں اورتمام متاثرہ مسافروں کو ان کے دئیے گئے نمبرز پرپر رابطہ کر کے متبادل فراہم کیا جارہا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی کے 211/212 اسلام آباد دبئی اسلام آباد اور پی کے203/204 لاہور دبئی لاہور پر جہاز تبدیل کرکے 777 لگا دیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق پی آئی اے کا عملہ پھنسے ہوئے مسافروں کی دیکھ بھال میں مشغول ہے۔