نیویارک (این این آئی)اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں نے کہاہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں سعودی تیل تنصیبات پر حملے حوثی باغیوں نے نہیں کیے تھے۔ غیرملکی خبررساں ادرے کے مطابق خبر رساں ادارے نے یہ بات اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں کی جانب سے سلامتی کونسل کی پابندیوں کے حوالے سے کمیٹی کو پیش کردہ ایک خفیہ رپورٹ کے حوالے سے بتائی ۔
گزشتہ برس ستمبر کی 14 تاریخ کو سعودی آرامکو تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے تھے، جس کی وجہ سے تیل کی عالمی ترسیل میں رخنہ پڑا تھا۔ ان حملوں کی ذمہ داری حوثی باغیوں نے قبول کی تھی، تاہم امریکا، سعودی عرب اور یورپی یونین نے ان حملوں کی ذمہ داری ایران پر عائد کی تھی۔ تہران حکومت نے ان الزامات کو رد کیا تھا۔