کویت سٹی(آن لائن) کویت نے امریکا کا خلیجی ممالک سے اپنی فوج کو واپس بلانے کے فیصلے کے حوالے سے خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری نیوز ایجنسی کو ہیک کردیا گیا تھا جس کے باعث جھوٹی خبر پھیلی۔
کویت کی حکومت کے ترجمان طارق المازرم نے ایک بیان میں کہا کہ‘کویت نیوز ایجنسی کا ٹویٹر اکاؤنٹ کو ہیک کیا گیا تھا اور امریکی فوجیوں کی واپسی کے ارادے کے حوالے سے رپورٹ جھوٹی تھی’۔نیوز ایجنسی نے تصدیق کردی کہ ویب سائٹ کو ہیک کیا گیا تھا اور واضح کیا کہ اس خبر کو وائر میں جاری نہیں کی گئی تھی۔واضح رہے کہ کویت کی سرکاری نیوز ایجنسی کویت نیوز ایجنسی نے ٹویٹ کیا تھا کہ امارات میں امریکی فورسز کے کمانڈر نے کویتی وزیردفاع کو اپنے ارادے سے آگاہ کیا ہے کہ وہ عریفجان بیس سے تین روز میں واپسی کا ارادہ ہے۔نیوز ایجنسی کی خبر کو انگریزی اور عربی دونوں زبانوں میں شائع کیا گیا تھا لیکن چند منٹ کے اندر ہی اس کو ڈیلیٹ کردیا گیا تھا۔دوسری جانب امریکا نے گزشتہ ہفتے ہی مشرق وسطیٰ میں مزید 3 ہزار 500 فوجیوں کو تعینات کرنے کا اعلان کیا تھا جو بغداد میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد متوقع ردعمل کے طور کیا گیا تھا۔کویت کی نیوز ایجنسی کا معاملہ امریکا کے اس خط کے بعد سامنے آیاتھا جس میں بظاہر عراق سے امریکی فوجیوں کی واپسی کا اشارہ دیا گیا تھا لیکن وائٹ ہاؤس اور پینٹاگون نے خط کو محض ایک ڈرافٹ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس طرح کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔