واشنگٹن (این این آئی)امریکا نے عراق کے درالحکومت بغداد میں کئے گئے حملے کی تردید کر دی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق عراق میں امریکی اتحاد کے ترجمان نے کہاکہ امریکی اتحاد نے حالیہ دنوں میں بغداد کے شمالی علاقے تاجی میں فضائی حملے نہیں کئے۔عراقی فوج کے ترجمان نے بھی کہا کہ بغداد میں طبی عملے کے قافلے پر امریکی فضائی حملہ نہیں کیا گیا۔عراقی پاپولر موبلائزیشن فورسز نے بھی اس حوالے
سے بیان جاری کیا کہ تاجی کے علاقے میں طبی عملے پر کوئی حملہ نہیں ہوا۔اس سے قبل ایک غیر ملکی خبر ایجنسی نے دعوی کیا کہ ہفتہ کو بھی عراقی درالحکومت بغداد میں کیے گئے امریکی فضائی حملے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔ اس حوالے سے عراقی حکام نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ حملے میں داعش کے خلاف سرگرم تنظیم الحشد الشعبی پاپولر موبائلائزیشن فورس کے ایک اور کمانڈر کو نشانہ بنایا گیا۔