سرینگر(این این آئی) مقبوضہ کشمیر میں جہاں مقامی لوگ اپنے حقوق اور مراعات کے تحفظ کا مطالبہ کررہے ہیں، علاقے کی ہائی کورٹ نے غیر کشمیر ی اور غیر لداخی لوگوں کے لیے نوکریوں کے مواقع کھول دیے ہیں۔ 5اگست کو بھارت کی طرف سے یکطرفہ طورپر قائم کی گئی دو یونین ٹیریٹوریز جموں وکشمیر اور لداخ کی مشترکہ ہائی کورٹ نے مختلف کیٹگریز میں 33 نان گیزیٹڈ اسامیوں کے لیے اشتہارات دیے اور ان کو مقامی لوگوں تک محدود نہیں کیاجس طرح آج تک ہوتا آیا ہے۔
اپنی پہلی نوعیت کی نوٹیفکیشن میں کہاگیا ہے کہ یہ اسامیاں غیرکشمیری اور غیر لداخی لوگوں کے لیے دستیاب ہیں۔ ہائی کورٹ نے8سینئر سکیل سٹونو گرافر، 10جونیر سکیل سٹونوگرافر، 4سٹینو ٹائپسٹ، 9ڈرائیورز اورایک ایک کمپوزر اور الیکٹریشن سمیت 33اسامیوں کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔ نوٹیفکیشن میں کہاگیا کہ جموں وکشمیر اور لداخ کی یونین ٹیریٹوریز سے تعلق نہ رکھنے والے خواہشمند جموں وکشمیر ہائی کورٹ جموں کے رجسٹرار جنرل کو درخواستیں دے سکتے ہیں۔