ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے کہاہے کہ دارالحکومت الریاض میں منعقدہ الریاض تفریحی سیزن میں اب تک 84 لاکھ سے زاید زائرین شرکت کرچکے ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق تفریحی اتھارٹی کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ ڈیڑھ ماہ کے کم عرصے میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی ریاض سیزن میں شرکت ایک نیا ریکارڈ ہے۔ زائرین میں اندرون ملک کے ساتھ بیرون ملک سے بھی بڑی تعداد میں شائقین شریک ہوچکے ہیں۔خیال رہے کہ
سعودی عرب میں ریاض سیزن کے عنوان سے تفریحی سرگرمیوں کا آغاز 11 اکتوبر 2019ء کو ہوا تھا۔ یہ سرگرمیاں جنوری 2020ء کے آخر تک بدستور جاری رہیں گی۔ توقع ہے کہ ان تفریحی سرگرمیوں میں مزید لاکھوں افراد حصہ لیں گے۔ریاض سیزن میں مختلف کھیلوں، ثقافتی سرگرمیوں کے ساتھ ڈرامہ، تھیٹر، میلوں کا انعقاد مختلف فلموں کی نمائش کی سرگرمیاں ہو رہی ہیں۔ آنے والے دونوں میں ریاض سیزن میں شرکت کرنے والے زائرین کی تعداد میں اضافے کی توقع ہے۔