انقرہ(این این آئی)ترکی سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے گیارہ فرانسیسی جنگجوؤں کو دسمبر کے اوائل میں بے دخل کرکے ان کے آبائی وطن میں بھیج دے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئلو نے ایک بیان میں داعش کے گرفتار ان جنگجوؤں کو فرانس بھیجنے کی اطلاع دی ۔ وہ اس وقت ترکی میں حراستی مراکز میں بند ہیں۔ترک وزیرداخلہ سلیمان سوئلو نے قبل ازیں داعش کے گرفتار ارکان کی ان کے آبائی ممالک کو واپسی کے معاملے میں یورپی یونین کی بے عملی کی شکایت کی تھی۔انھوں نے داعش کے
قیدیوں کا معاملہ تنہا ترکی پر چھوڑنے پر یورپ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ اگر داعش کے گرفتار ارکان کی ان کے آبائی ممالک نے شہریت منسوخ کردی ہے تو تب بھی ہم انھیں واپس بھیج دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اب دنیا ایک نیا طریقہ سامنے لے آئی ہے اور اس نے ان گرفتار جنگجوؤں کی شہریت ہی منسوخ کردی ہے۔ دوسری جانب یورپی اقوام کا موقف ہے کہ مشتبہ جہادیوں کے خلاف ان ممالک میں مقدمات چلائے جانے چاہئیں جہاں انھوں نے جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔میرے خیال میں بین الاقوامی قانون کی یہ ایک نئی قسم ہے۔