ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی وزارتی کونسل نے ایران کی جانب سے اپنے جوہری پروگرام سے متعلق بین الاقوامی سمجھوتے کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کردی ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارتی کونسل نے شاہ سلمان بن عبدلعزیز کے زیر صدارت اجلاس میں چھے عالمی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ جوہری سمجھوتے کی مسلسل خلاف ورزیوں پر ایرانی رویے کی مذمت کی ہے۔
سعودی عرب ماضی میں بھی ایران پر یہ زور دے چکا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے تحت جوہری توانائی کے عالمی ادارے ( آئی اے ای اے) کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔آسٹریا میں متعیّن سعودی سفیر اور ویانا میں اقوام متحدہ کے اداروں میں مستقل مندوب شہزادہ عبداللہ بن خالد بن عبدالعزیز نے حال ہی میں ایک تقریر میں ایران پر زوردیا تھا کہ وہ جوہری سمجھوتے کی شرائط کی مکمل پاسداری کرے۔