ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں عدالتی مقدمات کی صوتی و بصری ریکارڈنگ محفوظ کرنے کے منصوبے کا دوسرا مرحلہ شروع کیا جا رہا ہے۔ اس مرحلے میں مکہ مکرمہ صوبے کی عدالتوں کی ریکارڈنگ کو محفوظ کیا جائے گا۔ منصوبے کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ یہ مرحلہ ریاض شہر کی
عدالتوں کے لیے مختص تھا۔غیرملکی خبررساں ادار ے کے مطابق سعودی وزارت انصاف نے جاری ایک بیان میں کہاکہ پہلا مرحلہ دو ماہ جاری رہا اور اس دوران 77 ہزار سے زیادہ عدالتی سیشنوں کو کور کیا گیا۔ متعلقہ حکام نے 150 حلقوں کے سیشنوں کو ریکارڈ کرنے پر کام کیا۔ ریکارڈ شدہ سیشنوں میں کرمنل کورٹ 45 ہزار سیشنوں کے ساتھ سرفہرست رہی۔ اس کے بعد جنرل کورٹ 26 ہزار سے زیادہ سیشنوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور لیبر کورٹ 5 ہزار کے قریب سیشنوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔وزارت انصاف ریکارڈ شدہ سیشنوں کے ڈیٹا کو ڈیجیٹل طریقے سے بہتر بنانے پر کام کر رہی ہے۔عدالتی سیشنوں کی ریکارڈنگ کا مقصد مقدمات کی تمام تر کارروائی کو ڈیجیٹلائز کرنا ہے تا کہ مقدمے کے فریق اور جج کی جانب سے اس کا جائزہ لیا جا سکے۔سپریم جوڈیشل کونسل کو ریکارڈ شدہ سیشنوں کو دیکھنے اور سننے کا حق حاصل ہو گا کیوں کہ یہ ریکارڈ کونسل کے اختیار کے دائرہ کار میں آتا ہے۔وزارت انصاف مختلف منصوبوں اور اقدامات کے ذریعے ٹکنالوجی کو استعمال میں لانے کے لیے کوشاں ہے تا کہ کارکردگی کا معیار بلند کیا جا سکے۔