نئی دہلی(این این آئی)بھارت کی تاریخ میں پہلی بار مختلف اداروں کو 8 سال تک سیکیورٹی فراہم کرنے والے تربیت یافتہ 7 کتوں کو اعلیٰ فوجی اعزاز کے ساتھ ریٹائر کر دیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سیکیورٹی سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس
نے 8 سال تک ادارے میں خدمات انجام دینے والے 7 کتوں کو اعلیٰ فوجی ے اعزاز کے ساتھ ملازمت سے سبکدوش کردیا۔ یہ کتے حکومتی اداروں، کاروباری مراکز اور صنعتوں کو سیکیورٹی فراہم کیا کرتے تھے۔جانوروں کی بہبود کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم نے کتوں کی ریٹائرمنٹ کی تقریب کا انعقاد کیا جس میں کتوں کو اعزازات اور سند سے بھی نوازا گیا اور میڈلز بھی پہنائے گئے۔ علاوہ ازیں ان کتوں کے ٹرینرز کو بھی اسناد پیش کی گئیں۔اپنی نوعیت کی اس انوکھی تقریب میں فوجی افسران کی جانب سے کتوں کو سلامی بھی دی گئی اور ان تربیت یافتہ کتوں کو باقاعدہ ایک فوجی سپاہی کی طرح الوداع کیا گیا۔ افسران نے کتوں کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس نے تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر دلچسپ فقرے کے ساتھ شیئر کیں۔ ادارے نے لکھا کہ اگرچہ وہ کتے بن کر پیدا ہوئے، تاہم وہ ایک سپاہی کے طور پر ریٹائر ہو رہے ہیں۔ ان کتوں کا نام کدوس، حنا، کائٹ، جیلی، لکی، لولی، ویر اور جیسسی تھا۔