دوحہ(این این آئی)قطر اور ترکی نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو ’جامع تزویراتی شراکت داری میں ڈھالنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق دوحہ میں ترکی اور قطر کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس کے بعد قطری وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے ایک ٹویٹ میں ترکی کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کے عزم کا اظہار کیا ۔ترک وزیر خارجہ مولود شاوش
اوغلو کی قیادت میں ایک وفد اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کے زیر اہتمام صومالیہ کے بارے میں کانفرنس میں شرکت کے لیے دوحہ میں تھا۔ترک وزیر خارجہ نے شام میں کردملیشیا کے خلاف فوجی کارروائی کی حمایت پر امیرِ قطر شیخ حمد بن جاسم آل ثانی کا شکریہ ادا کیا تھا۔انھوں نے دوحہ میں امیرِ قطر سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں ان کی حمایت کو سراہا تھا۔انھوں نے ٹویٹر پر لکھا کہ ہم قطر کی جانب سے ترکی کے (شام میں)آپریشن امن بہار کی حمایت پر شکرگزار ہیں۔