برسلز(این این آئی)یورپی یونین نے ایران کو افزودہ یورینیم کی پیداوار میں اضافے پر خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ اگرایران جوہری سمجھوتے کے تقاضوں کی پاسداری کرے گا تو اس کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا مغرینی کی خاتون ترجمان ماجا کوچی جانچیک نے کہا کہ بلاک نے ایران کا اعلان نوٹ کر لیا ہے لیکن اس پر اقوام متحدہ کے تحت بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی جانب سے تصدیق کے بعد ردِّعمل ظاہرکیا جائے گا۔انھوں نے برسلز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم ایران پر یہ زور دیتے رہیں گے کہ وہ بلا تاخیر
اس طرح کے اقدامات واپس لے لے اور جوہری ڈیل کے لیے ضرررساں اس طرح کے دوسرے اقدامات سے گریز کرے۔انھوں نے واضح کیا کہ یورپی یونین بدستور جوہری ڈیل کے لیے پْرعزم ہے لیکن اگر ایران اس کی مکمل پاسداری کرے گا تو پھرہم بھی اس پر عمل درآمد کے لیے پْرعزم رہیں گے۔ایران نے اس سال مئی میں جوہری سمجھوتے کی بعض شرائط پر عمل درآمد نہ کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس نے یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جوہری سمجھوتے سے یک طرفہ طور پر دستبرداری کے ایک سال بعد کیا تھا۔امریکی صدر نے نومبر 2018ء میں ایران پر دوبارہ اقتصادی پابندیاں عاید کردی تھیں۔