بیروت (این این آئی)لبنانی صدرمیشیل عون نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک کی نئی حکومت ٹیکنوکریٹ پر مشتمل ہوگی اور وزراء کا انتخاب سیاسی وابستگی کے بجائے ہْنر ومہارت پر کیا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے یہ بات اپنی صدارت کے تین سال مکمل ہونے پرایک نشری خطاب میں کہی ۔انھوں نے کہا کہ لبنان اس وقت بالخصوص معاشی پہلو سے ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے اور اس کو ایک اہل حکومت کی ضرورت ہے۔یہ پیداواری صلاحیت کی حامل ہونی چاہیے اور سیاسی تنازعات اور
مخاصمتیں اس کے لائحہ عمل کی راہ میں حائل نہیں ہونی چاہییں۔اس کو عوام کی حمایت حاصل ہونی چاہیے۔لبنانی صدر نے کہا کہ ابھی تک معیشت کی بحالی کے لیے مجوزہ اصلاحاتی منصوبے کی منظوری نہیں دی گئی ہے۔ مستعفی وزیراعظم سعد الحریری نے ملک گیر احتجاجی مظاہروں کے بعد یہ منصوبہ پیش کیا تھا۔انھوں نے مظاہرین پر یہ بھی زور دیا کہ وہ ملک کی پارلیمان پر ایک مجوزہ قانون کی منظوری کے لیے بھی دباؤ ڈالیں جس کے تحت ریاست کی لوٹی گئی رقوم کو قومی خزانے میں لوٹایا جائے۔