واشنگٹن(این این آئی)امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کہاہے کہ شدت پسند گروہ نام نہاد دولتِ اسلامیہ کے مفرور رہنما ابوبکر البغدادی کی گرفتاری کے لیے شام میں کیے گئے آپریشن کے دوران دو افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جائنٹ چیف آف سٹاف چیئرمین جنرل مارک میلی کا کہنا تھا کہ زیر حراست افراد کو ایک محفوظ مقام’ پر منتقل کر دیا گیا ۔جنرل میلی نے میڈیا کو بتایا کہ ابوبکر البغدادی کی باقیات کو ایک محفوظ مقام تک لایا گیا تاکہ ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ان کی
شناخت کو یقینی بنایا جا سکے۔ شناخت کے بعد ان کی باقیات کو ٹھکانے لگا دیا گیا ۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فی الحال ان کی موت کی فوٹیج کو شیئر کرنے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے۔جب جنرل میلی سے صدر ٹرمپ کے اس بیان کے متعلق پوچھا گیا جس میں انھوں نے دعوی کیا تھا کہ البغدادی ہلاک ہونے سے قبل روئے تھے تو ان کا کہنا تھا کہ انھیں اس کے متعلق نہیں پتا کہ یہ معلومات کہاں سے آئی ہیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ بات شاید یونٹ کے ممبران سے براہ راست بات چیت میں سامنے آئی ہو گی۔