کراچی(این این آئی)کشمیر میں کشیدگی کے بعد بھارت کے ساتھ تجارت مکمل بند نہیں ہو سکی، باہمی تجارت میں ستمبر میں 75 فیصد کمی دیکھی گئی۔ بھارت کو جانے والی اشیا تو 93 فیصد کم ہو گئیِ تاہم بھارتی مال کی آمد میں اتنی زیادہ کمی نہیں ہوئی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق ستمبر میں پاکستان اور بھارت کی باہمی تجارت کا حجم 3 کروڑ 12 لاکھ 22 ہزار ڈالر رہا، گزشتہ سال ستمبر میں 12 کروڑ 64 لاکھ ڈالر کی تجارت ہوئی تھی، ستمبر میں پاکستان کی بھارت کو برآمدات کا حجم 93 فیصد کمی سے صرف 17 لاکھ 69 ہزار ڈالر رہ گیا جبکہ بھارت سے آنے والی اشیا کی مالیت 2 کروڑ 94 لاکھ 53 ہزار ڈالر تھی جو گزشتہ سال سے 71 فیصد کم ہے۔رپورٹ کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاک بھارت دو طرفہ تجارت کا مجموعی حجم 23 کروڑ 6 لاکھ 41 ہزار ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال سے 50.6 فیصد کم ہے۔ تین ماہ میں مجموعی طور پر بھارت کو برآمدات کی مالیت گزشتہ سال سے 90 فیصد کی کمی سے 98 لاکھ ڈالر تھی جبکہ بھارت سے آنے والے مال کی مالیت 39 فیصد کمی سے 22 کروڑ 8 لاکھ ڈالر رہی تاہم پاکستان کی برآمدات کے مقابلے میں درآمدات میں کم کمی کی وجہ سے تجارتی خسارہ زیادہ کم نہیں ہو سکا، تین ماہ کی دو طرفہ تجارت میں پاکستان کو 21 کروڑ 4 لاکھ ڈالر کے تجارتی خسارے کا سامنا رہا۔