واشنگٹن(این این آئی) امریکا کے سیکریٹری ہوم لینڈ سکیورٹی کیون مک الینن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں امریکا کے قائم مقام ہوم لینڈ سکیورٹی چیف کیون مک الینن کی برطرفی کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ہم نے غیر ملکی تارکین وطن کو
امریکی سرحد کو عبور کرنے سے باز رکھنے کے لیے ایک ساتھ کام کیا ہے اور کیون مک الینن نے بطور قائم مقام سیکریٹری ہوم لینڈ سیکیورٹی بہترین خدمات انجام دیں۔ہوم لینڈ سکیورٹی چیف کے مستعفی ہونے کی وجہ کا تذکرہ کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کیون مک الینن اہم سرکاری عہدوں پر کئی برس سے ذمہ داریاں نبھانے کے بعد اب کچھ وقت اپنے اہل خانہ کے ساتھ گزارنا چاہتے ہیں اور اپنی خدمات نجی سیکٹر کو دینا چاہتے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید لکھا کہ نئے ہوم لینڈ سکیورٹی چیف کے لیے نئے نام کا اعلان اگلے ہفتے کروں گا جس کے لیے کئی اہم اور باصلاحیت امیدوار زیر غور ہیں۔ امریکی صدر کی جانب سے ہوم لینڈ سکیورٹی کے یہ پانچویں چیف کو تبدیل کیا گیا ہے جس سے صدر ٹرمپ کی سخت پالیسیوں اور غیر سنجیدگی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔واضح رہے کہ 2016ء میں صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اوباما دور کے چیف جے جانسن کو سبک دوش کرکے جان ایف کیلی کو مقرر کیا تاہم ٹرمپ پالیسیوں سے تنگ آکر محض 4 ماہ بعد ہی وہ مستعفی ہوگئے اس کے بعد مزید 3 چیفس بھی صدر ٹرمپ کے ساتھ کام نہیں کرسکے۔