کویت سٹی (این این آئی) کویت کی حکومت نے امریکا کی زیرقیادت بین الاقوامی سمندری اتحاد (انٹرنیشنل میری ٹائم سیکیورٹی مشن) میں شامل ہونے پر غور شروع کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کویت کے وزیر دفاع الشیخ ناصر صباح الاحمد الصباح نے کہا کہ
خطے کو درپیش حالات سے نمٹنے کے لیے تمام فوجی یونٹوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ کویت کی مسلح افواج ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔قبل ازیں کویتی آرمی چیف آف اسٹاف نے اعلان کیا تھا کہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے اور سلامتی کے مسئلے کے پیش نظر فوج کو تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔کویتی فوج کے شعبہ اطلاعات کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قائم مقام وزیر اعظم اور وزیر دفاع نے ملٹری ڈیفنس کونسل سے ملاقات کی جہاں انہیں کویت کے سینئر فوجی کمانڈروں کی طرف سے خطے کی تازہ ترین پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ خطے کے حالات کے تناظر میں وزیر اعظم کو فوج میں مسلح افواج کی تیاریوں اور دفاع کے لیے اٹھائی گئی احتیاطی تدابیر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ کویت کی مسلح افواج اپنی تمام تر بری، فضائی اور بحری فورسز کو چوکس اور تیار رکھے ہوئے ہے۔ ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لیے فوج اپنی پیشہ وارانہ اور قومی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔