ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے ساٹھ طلبہ پر مشتمل پہلے بیچ کو تفریحی وظیفہ پروگرام کے تحت اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکا بھیجا ہے۔ وہ امریکا کی سنٹرل فلوریڈا یونیورسٹی میں انٹرٹینمنٹ کے شعبے میں بیچلر ڈگری کے حصول کے لیے داخل ہوں گے۔یہ پروگرام القدیہ سرمایہ کار کمپنی کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے اور اس کا مقصد سعودی نوجوانوں کو مملکت میں مستقبل میں
تفریحی شعبے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیار کرنا ہے۔یہ طلبہ امریکی یونیورسٹی سے ڈگری کے حصول کے بعد سعودی عرب کی القدیہ انٹر ٹینمنٹ کمپنی کے بڑے منصوبے میں کام کریں گے۔یہ منصوبہ سعودی عرب کے ویڑن 2030ء کے تحت دارالحکومت الریاض سے چالیس کلومیٹر دور زیر تکمیل ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق القدیہ انویسٹمنٹ کمپنی کے چیف آف اسٹاف فیصل الموثر نے کہا کہ سعودی طلبہ بیرون ملک اپنی تعلیم کی تکمیل کے بعد وطن واپس آئیں گے اور القدیہ میں کام کریں گے۔مستقبل میں القدیہ اور دوسرے بڑے منصوبوں کے لیے ان تعلیم یافتہ انسانی وسائل پر انحصار کیا جائے گا۔القدیہ کی ویب سائٹ کے مطابق اس بڑے منصوبے میں 300 سے زیادہ تفریحی اور تعلیمی سہولتیں اور تنصیبات دستیاب ہوں گی۔ان میں تربیتی اکادمیاں ، تھیم پارک ، پانی اور برف کی تفریحی سرگرمیوں کے علاوہ سفاری اور بیرونی سرگرمیاں بھی ہوں گی۔اس بڑے منصوبے میں تجارتی مراکز ، ریستوراں ، کیفے ، رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں منصوبے اور معاشرے کے تمام طبقات کے لیے خدمات کے مواقع شامل ہیں۔سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے گذشتہ سال جولائی میں انٹرٹینمنٹ اسکالرشپ پروگرام کا آغاز کیا تھا۔اس کا مقصد سعودی طلبہ کی اہم تعلیمی اداروں میں انڈر گریجوایٹ اور گریجوایٹ سطح کے پروگراموں میں اعلیٰ تعلیم کے حصول میں معاونت مہیا کرنا ہے تاکہ سعودی عرب کے مقامی ٹیلنٹ میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ہْنرمند افرادی قوت میں اضافہ ہو۔