صنعاء(این این آئی)یمن کی آئینی حکومت کی رٹ بحالی میں مددگار عرب اتحاد میں شامل لڑاکا طیاروں نے رات گئے شمالی صنعاء میں واقع الدیلمی بیس میں حوثیوں کے زیر استعمال اسلحہ گودام اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔اس اعلان سے قبل عرب ٹی وی نے یمنی دارلحکومت کے شمال میں
زوردار دھماکے سنائی دینے کی تصدیق کی تھی۔عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے متعدد نیوز کانفرنسوں میں یہ بات کہی تھی کہ الدیلمی بیس میں حوثیوں کے ٹھکانوں کو مسلسل نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ الدیلمی بیس کو حوثیوں کے زیر استعمال بغیر پائلٹ طیارہ بنانے اور اس کی مرمت کے مرکز کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ نیز باغی جنگجو اسی جگہ کو اسلحہ ڈپو کے طور پر بھی استعمال کرتے ہیں۔سعودی عرب نے الزام عاید کیا تھا کہ حوثیوں نے رواں مہینے ایک شہری علاقے میں آرامکو کے دو آئل پمپنگ اسٹینشوں کو ڈورن طیاروں کے ذریعے نشانہ بنایا تھا۔ترکی المالکی کے مطابق حوثیوں کے ڈرون طیارے یمن اور سعودی عرب کی داخلی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔ انہوں نے حوثیوں کے اس صلاحیت کو تباہ کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کا عہد کیا تھا۔ ریاض کے مطابق حوثیوں کو یہ ٹکنالوجی ایران اور لبنانی حزب اللہ ملیشیا نے فراہم کی ہے۔