اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)برطانیہ کی وزیراعظم تھریسا مے نے زارو قطار روتے ہوئے اعلان کیا ہےکہ وہ برطانوی پارلیمنٹ کے ممبران کو تین بار بریگزٹ ڈیل پر قائل کرنے میں ناکام ہونے کے بعد وزارت عظمیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے رہی ہیں۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے رندھی ہوئی آواز میں کہا کہ میرے لیے اب یہ واضح ہے کہ ملک کے بہترین مفاد میں یہ ہے کہ ایک نیا وزیر اعظم اب ان کوششوں کی سربراہی کرے۔
اس لیے میں یہ اعلان کر رہی ہوں کہ 7 جون کو میں کنزرویٹو اور یونینسٹ پارٹی کی سربراہی سے مستعفی ہو رہی ہوں۔ ان کے لیے یہ امر ہمیشہ گہرے دکھ کا باعث رہے گا کہ وہ بریگزٹ پر ڈلیور نہ کر پائیں۔دوسری جانب برطانیہ کی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے رہنما جیرمی کوربین نے ٹوئٹ میں کہا کہ تھریسا مے نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرکے صحیح کیا، جو ملک کئی ماہ سے چاہتا ہے انہوں نے اب اس کا اعتراف کرلیا ۔