صنعاء(این این آئی)یمن میں سرکاری ملیشیا العمالقہ بریگیڈ کی فورسز نے الضالع صوبے کے شمال مغرب میں واقع علاقے باجہ کے اوپر حوثی ملیشیا کا ایک ڈرون جاسوس طیارہ مار گرایا۔دوسری جانب مشترکہ یمنی فورسز نے الضالع صوبے کے شمالی علاقوں میں اہم کامیابیوں کو یقینی بنایا اور اس دوران قعطبہ ضلع کے شمالی اور مغربی علاقوں سے باغی حوثی ملیشیا کو مار بھگایا۔ یہ پیش رفت عرب اتحاد کی معاونت سے ہونے والے اْس وسیع فوجی آپریشن کے ضمن میں سامنے آئی ہے جو قعطبہ کے شمال اور مغربی میں
بقیہ ماندہ علاقوں کو آزاد کرانے کے واسطے شروع کیا گیا ہے۔زمینی ذرائع نے بتایا ہے کہ قعطبہ کے مغرب کی سمت یمنی فوج کی پیش قدمی جاری ہے اور اس دوران گھمسان کی معرکہ آرائی ہو رہی ہے۔ذرائع کے مطابق لڑائی میں باغی ملیشیا کے درجنوں ارکان ہلاک اور زخمی ہوئے جبکہ ایک بڑی تعداد لڑائی کے مقام سے فرار ہو گئی۔اسی طرح حجر کے محاذ پر حوثی ملیشیا کا ایک سینئر کمانڈر سفیان الشریفی عْرف ابو حرب مارا گیا۔ یہ حوثیوں کے زیر انتظام مرکزی سیکورٹی فورسز کی قیادت میں شامل تھا۔