قاہرہ(این این آئی)رابطہ عالمِ اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسیٰ جنوری 2020ء میں پولینڈ میں یہود کی مقتل گاہ آشووٹز کا دورہ کریں گے۔اس ضمن میں ان کا نیویارک میں امریکی جیوش کمیٹی ( اے جے سی) کے ایگزیکٹو چئیرمین اور سی ای او ڈیوڈ ہیرس کے ساتھ ایک سمجھوتا طے پایا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے اعلان کیا کہ یہودی کمیونٹی کے لیڈروں کا ایک وقف سعودی عرب کا دورہ کرے گا۔رابطہ عالمِ اسلامی کے مطابق ڈاکٹر محمد العیسیٰ نازیوں کے موت کا کیمپ کا دورہ کرنے والے پہلے مسلم رہ نما ہوں گے۔رابطہ مسلم دنیا کی سب سے بڑی غیر سرکاری تنظیم ہے۔ البتہ اس کو سعودی عرب سب سے زیادہ رقوم مہیا کرتا ہے۔سیکریٹری جنرل نے کہا کہ وہ اسلامی اقدار کی روشنی میں یہ دورہ کرنے والے ہیں اور جو کوئی بھی ہولوکاسٹ سے انکار کرے گا ، میں اس کی مخالفت کروں گا۔رابطہ عالم ِاسلامی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک بیان میں کہا کہ اس سمجھوتے سے مسلمانوں اور یہود کے درمیان مفاہمت کے فروغ میں مدد ملے گی اور اس سے انتہاپسندی کی تمام شکلوں کے خلاف تعاون کی اہمیت بھی اجاگر ہوتی ہے۔ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے نیویارک میں قیام کے دوران میں اپریل میں کیلی فورنیا میں ایک یہودی صومعہ پر دہشت گردی کے حملے میں ہلاکتوں پر تعزیت کا بھی اظہار کیا ہے۔انھوں نے اسلامی ، مسیحی اور یہودی لیڈروں سے ملاقات کی ہے۔اس کے علاوہ انھوں نے اقوام متحدہ میں متعیّن سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے سفیروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے ان کے ممالک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔انھوں نے بین المذاہب تنظیم کے سربراہ ربی آرتھر شنائیر کی اس بات سے اتفاق کیا کہ مذہبی مقامات اور عبادت گزاروں کے خلاف تشدد یا دھمکیوں کے توڑ کے لیے تمام مذاہب کے پیروکاروں کو مل جل کر کام کرنا چاہیے۔ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے رابطہ عالمِ اسلامی کی جانب سے اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے ( یو این ایچ سی آر) کے لیے دس لاکھ ڈالر کے عطیے کا ا علان کیا۔یہ رقم دنیا بھر میں پناہ گزینوں کی امداد پر صرف کی جائے گی۔