صنعاء (این این آئی )یمن کی سرکاری فوج نے انکشاف کیا ہے کہ 18 دسمبر 2018ء کو اقوام متحدہ کی زیرنگرانی الحدیدہ شہرمیں جنگ بندی کے حوالے سے طے پائے معاہدے کے بعد حوثی باغیوں کی جانب سے معاہدے کی3719 خلاف ورزیاں کی گئیں۔عرب ٹی وی کے مطابق آئینی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل عبدہ مجلی نے مآرب شہرمیں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایران نواز حوثی ملیشیا کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں 140 شہری
جاں بحق اور 811 زخمی ہوئے۔ ان میں بیشتر خواتین اور بچے شامل ہیں۔انہوںنے کہاکہ سرکاری فوج نے جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری کی مگر جہاں ضروری ہوا فوج نے باغیوں کی سرکشی اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف وروزی کا جواب دیا۔بریگیڈیر عبدہ نے حوثیوں کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی پراقوام متحدہ اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کو بھی ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ حوثی باغیوںکو اسٹاک ہوم معاہدے کا پابند بنائے۔