مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی جانب سے دیے گئے غیرے ذمے دارانہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے یکسر طور پر مسترد کر دیا ہے۔سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق فلسطینی صدارتی ترجمان نبیل ابو ردینہ کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو کا بیان اسرائیلی حکمت عملی کا ظاہر کرتا ہے۔ اس کا مقصد انقسام کو دوام بخشنا اورغزہ کی چھوٹی ریاست کی تیاری ہے، اس طرح بیت المقدس اور اس کے مقدس مقامات سے دست برداری کو یقینی بنانا ہے۔
اس سے قبل نیتن یاہو نے کہا تھا کہ فلسطینی صدر محمود عباس کو غزہ پٹی واپس نہیں آنے دیا جائے گا۔ نیتن یاہو نے غزہ پٹی اور مغربی کنارے میں دو علیحدہ انتظامی وجود پر اپنی مسرت کا اظہار کیا۔انہوں نے باور کرایا کہ یہودی بستیوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اسرائیلی وزیراعظم نے اس امر کی تصدیق کی کہ مصر، قطر اور اقوام متحدہ کے توسط سے غزہ پٹی کے محاصرے میں نرمی کے اقدامات، حماس تنظیم کی جانب سے حقِ واپسی کی ریلیوں میں کمی لانے کے مقابل تھے۔