نئی دہلی(این این آئی) سوشل میڈیا پر وائرل بالاکوٹ حملے میں 200افرادکی ہلاکت کے پاکستانی فوجی کے اعترافی بیان کی ویڈیو بھی جھوٹ نکلی ،برطانوی نشریاتی ادارے نے بھارت میں گردش کرنیوالی ویڈیو کو جعلی اورجھوٹ کا پلندہ قراردیدیا ہے ۔
ساتھ ہی سوالات بھی کیے ہیں کہ ویڈیو میں حقیقت کے برعکس شواہد کیوں ہیں ؟تاہم اس سلسلے میں بھارت کی جانب سے کوئی ردعمل نہیں آیا ہے ،برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک پاکستانی فوجی افسربالاکوٹ میں مبینہ بھارتی حملے کے بعد 200افرادکی ہلاکت کی تصدیق کررہا ہے تاہم برطانوی نشریاتی ادارے نے مکمل تحقیق کے بعد بتایا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے پاکستانی فوجی افسر نے فضائی حملے میں ہونے والی 200 مبینہ ہلاکتوں کی تصدیق ہی نہیں کی۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ویڈیو میں فوجی افسر سے بات کرنے والے بوڑھے آدمی پشتو بول رہے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا کے بالاکوٹ کے علاقے میں زیادہ تر ہندکو بولی جاتی ہے۔رپورٹ کے مطابق ویڈیو میں سنی جانے والی آواز 200 میں سے ایک شخص کی ہلاکت کی بات کر رہی ہے۔