دوحہ(این این آئی ) قطر میں افغان طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا پانچواں دور ختم ہوگیا جس میں فریقین کے درمیان دو نکات پر اتفاق ہوگیا۔دوسری جانب طالبان کے ترجمان نے کہاہے کہ دونوں فریقین اب اپنی اپنی قیادت کو آگاہ کر کے آئندہ ملاقات کی تیاری کریں گے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دوحہ میں افغان طالبان کی جانب سے مختص کردہ نمائندگان اور امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد کے درمیان مذاکرات کا پانچواں دور ہوا۔فریقین نے طویل مذاکرات کے بعد افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا اور انسداد دہشت گردی کے دو نکات پر اتفاق کرلیا۔امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ دوحہ میں طالبان کے ساتھ مذاکرات کا دور مکمل ہوا، امن کے لیے شرائط میں بہتری آئی ہے اور اب واضح ہے کہ فریقین جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔سفارتی ذرائع کے مطابق مسودے پر فریقین کی جانب سے دستخط موجود نہیں ہیں۔دوسری جانب طالبان کے ترجمان نے کہاکہ دونوں فریقین اب اپنی اپنی قیادت کو آگاہ کر کے آئندہ ملاقات کی تیاری کریں گے۔یاد رہے کہ افغان طالبان اور امریکی حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات سے اب تک افغان حکومت کو دور رکھا گیا ہے کیوں کہ افغان طالبان اپنی حکومت سے بات کرنے پر آمادہ نہیں ہیں۔تاہم امریکی حکام کا کہنا تھا کہ حتمی معاہدہ ہونے کے بعد طالبان کو افغان حکومت سے بات کرنی ہوگی اور باضابطہ طور پر جنگ بندی کا اعلان کرنا ہوگا۔