بیروت(این این آئی)لبنانی ملیشیا حزب اللہ کے سکریٹری جنرل حسن نصر اللہ نے اعتراف کر لیاہے کہ گزشتہ برس نومبر میں امریکا کی جانب سے عائد کی جانے والی اقتصادی پابندیوں کا بوجھ لبنان کی اس ایران نواز شیعہ ملیشیا پر بھی پڑا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے کہاکہ اسلامی فلاحی تنظیموں کی جانب سے عطیات جمع کرنے کی سرگرمیوں کو فعال کرنے کی ضرورت ہے اس لیے کہ حزب اللہ کو
ایک بار پھر سے ہمدردی کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں نصرت کرنے والے مال کے ذریعے جہاد سر انجام دیں۔حسن نصر اللہ نے گزشتہ روز یہ باور کرایا کہ صبر وتحمل، انتظامی بہتری اور ترجیحات کو منظم کرنے کے ذریعے ہم پابندیوں کا مقابلہ کریں گے اور ہم اس جنگ کو عبور کر سکتے ہیں۔باخبر ذرائع نے بتایا کہ حزب اللہ نے گزشتہ نومبر میں تہران پر اقتصادی پابندیوں کے دوسرے پیکج کے نافذ العمل ہونے کے ساتھ ہی اندرونی کفایت شعاری کی راہ اپنا لی تھی۔