لاہور ( این این آئی) نواز شریف نے خود ہسپتال جانے سے انکار کیا ،کیسا انوکھا قیدی ملا ہے جو علاج اور عدالتی فیصلے بھی اپنی مرضی کے چاہتا ہے ، ملک میں بہترین ڈاکٹرز موجود ہیں مگر اپنی مرضی کا علاج کروانا ہے تو لوٹ کو باہر بھیجے گئے اربوں روپے سے علاج کروا لیں ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر قانون ، پارلیمانی امور و بلدیات راجہ محمد بشارت اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کیا ۔ راجہ بشارت نے کہا کہ ہم نے اپنے قواعد و ضوابط کے مطابق چلنا ہے ،ملک کے بہترین ڈاکٹرز سے نواز شریف کا علاج کروانے کیلئے تیار ہیں مگر انہوں نے خود ہسپتال جانے سے انکار کر دیا ۔
انہوں نے کہا کہ کیسا انوکھا قیدی مل گیا جو علاج بھی اپنی مرضی کا چاہتا اور یہ بھی چاہتا ہے کہ عدالتوں سے اس کے متعلق فیصلے اسکی مرضی سے ہوں ۔راجہ بشارت نے کہا کہ ملک میں بہترین ڈاکٹرز موجود ہیں لیکن اگر اپنی مرضی سے علاج کروانا ہے تو جو اربوں روپے لوٹ کر باہر بھیجے ہیں ان سے علاج کروا لیں ۔علاوہ ازیں وزیر صحت یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو پی آئی سی منتقل کی ہدایات جاری کر دی تھیں مگر انہوں نے ہسپتال جانے سے انکار کیا،شاید ان کو ہمارے ہسپتال پسند نہیں لیکن اگر وہ آتے ہیں تو انہیں پی آئی سی میں تمام سہولیات ملیں گی ۔