واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم یونگ اْن نے جوہری ہتھیاروں سے دست برداری کے مقابل اپنے ملک پر عائد پابندیاں اٹھا لینے کا مطالبہ کیا تھا تاہم وہ ایسا کرنے کے خواہش مند نظر نہیں آئے۔ شمالی کوریا کے سربراہ نے باور کرایا ہے کہ وہ جوہری اور میزائل تجربات کا سلسلہ موقوف رکھیں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے کہاکہ دستخط کے لیے کاغذات تیار تھے مگر یہ
ٹھیک نہیں رہا۔انھوں نے کہا کہ امریکا شمالی کوریا کی جانب معاونت کا ہاتھ بڑھانے کے لیے تیار ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ شمالی کوریا تھوڑی دست برداری کے مقابل تمام پابندیاں اٹھا لیے جانے کی امید کر رہا تھا مگر ہم اس وقت اس پر عمل نہیں کر سکتے۔امریکی صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ آیندہ ہفتوں کے دوران کم یونگ اْن کے ساتھ بات چیت شروع ہونے کے فوری بعد نتائج سامنے آ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے سربراہ کے ساتھ ملاقات انتہائی دوستانہ ماحول میں اختتام کو پہنچی۔