الجیریا(این این آئی)الجزائر میں جہاں ایک طرف معمر مرد آہن عبدالعزیز بوتفلیقہ پانچویں بار صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے پرتول رہے ہیں اور دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے ملک میں تبدیلی اور اصلاحات کے لیے سڑکوں پر آنے کا اعلان کیا ہے۔اپوزیشن کی جانب سے
احتجاج کے اعلان کے بعد فوج نے خبردار کیا ہے کہ احتجاج کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔عرب ٹی وی کے مطابق الجزائری نائب وزیر دفاع اور مسلح افواج کے سربراہ جنرل احمد قاید صالح بے کہا کہ بہ ظاہر لوگ جمہوریت کے لیے سڑکوں پرآنے کا دعویٰ کرتے ہیں مگر در پردہ وہ ملک کو بدامنی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں۔ سڑکوں پر احتجاج کی صورت میں ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ملک کے جنوبی شہر تمنراست میں فوجی یونٹوں کے دورے کے دوران فوجی افسران کے اجلاس سے خطاب میں جنرل صالح نے استفسار کیا کہ کیا نام نہاد جمہوریت کے نعروں کی آڑ میں ملک کو بدامنی کی نذر کیا جا سکتا ہے۔ ہم عوام کو ایسے کسی خوش نما دعوے اور نعروں کے بہکاوے میں نہیں آنے دیں گے۔ احتجاج کرنے والے مظاہروں کے نتائج سے خبردار رہیں۔ ہم ملک کو خوشحالی کے راستے سے ہٹانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔آرمی چیف نے تبدیلی اور اصلاحات کے علمبر داروں کو خبردار کیا کہ مظاہروں کے دوران تشدد کی صورت میں فوج اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے گی اور الجزائر کے امن وامان کو داؤ پر لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔