نیویارک(این این آئی)ایران کی جانب سے میزائل سرگرمیوں کے تسلسل پر تین یورپی ملکوں برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے سلامتی کونسل میں تہران کے خلاف شکایت کی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق تین ممالک برطانیہ، جرمنی اور فرانس نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل
انتونیو گوٹیرس، سلامتی کونسل کیصدر اور ارکان کے نام مکتوب میں ایران کی میزائل سرگرمیوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔یہ مکتوب اقوام متحدہ کے عہدیداروں کو بھیجا گیا جس پر تین یورپی ملکوں کے یو این میں سفیروں کے دستخط ثبت ہیں،جس میں کہا گیا کہ ایرانی رجیم 2015ء کو جوہری سرگرمیوں پر پابندی کے حوالے سے منظور کردہ قرارداد 2231 پرعمل درآمد کے بجائے اپنی من مانی کررہا ہے۔یورپی ملکوں کی طرف سے کی گئی شکایت میں جوہری وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت کے حامل بیلسٹک میزائلوں پر سخت تشویش کا اظہار کیاگیا ہے۔مکتوب میں کہا گیا کہ ایران بیلسٹک میزائلوں کے مسلسل تجربات کرکے خطے میں اسلحے کی دوڑ شروع کرانے کی راہ ہموار کررہا ہے۔مکتوب میں کہا گیا کہ ایس ایل وی سیموراگ نامی میزائل پر یورپی ملکوں کو تشویش ہے۔ اس طرح کے میزائلوں کی تیاری اور تجربات سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہوگا۔