بغداد(این این آئی)عراق کے عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ شام میں امریکا کی معاونت سے داعش کے خلاف جنگ میں سرگرم سیرین ڈیموکریٹک فورسزایس ڈی ایف نے گذشتہ ہفتے 20 غیرملکی داعشی جنگجو بغداد کے حوالے کیے ہیں۔ ان میں بعض فرانسیسی بھی شامل ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ شام میں لڑنے والے داعشی جنگجوؤں کو کچھ عرصہ پیشتر مختلف کارروائیوں کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔ عراق کے عسکری ذریعے کے مطابق شام اور عراق کی سرحد پر
فوج کے حوالے کیے گئے داعشی جنگجوؤں میں 14 کا تعلق فرانس سے ہے۔عراقی حکام کا کہنا تھا کہ سیرین ڈیموکریٹک فورس اب تک داعش کے 280 جنگجوؤں کو عراقی فوج کے حوالے کرچکی ہے۔عراق کی وزارت برائے سیکیورٹی امور کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیاکہ شام میں آپریشن کے دوران ایس ڈی ایف نے بڑی تعداد میں مقامی اور غیرملکی داعشی دہشت گردوں کو پکڑا۔ ان میں عراق سے تعلق رکھنے والے داعشی بھی شامل ہیں جن کی تعداد 500 سے زائد بتائی جاتی ہے۔